چهارشنبه 14/می/2025

بن گوریون ایئرپورٹ پر یمنی سپرسانک میزائل کا حملہ، فضائی آپریشن معطل

بدھ 14-مئی-2025

صنعاء – مرکز اطلاعات فلسطین

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے انکشاف کیا ہے کہ یمنی میزائل فورس نے مقبوضہ فلسطین کے یافا میں واقع بن گوریون ایئرپورٹ کو ایک بیلسٹک سپرسونک میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔

منگل کے روز جاری کردہ بیان میں بریگیڈیئر جنرل سریع نے تصدیق کی کہ یہ میزائل اپنے ہدف پر پوری کامیابی سے جا پہنچا، جس کے نتیجے میں لاکھوں اسرائیلی شہری خوف سے پناہ گاہوں کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوئے اور ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی، جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری قتل عام کے ردعمل میں کی گئی، اور یہ پیغام ہے کہ بن گوریون ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں کی بندش کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے عالمی فضائی کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ بھی مقبوضہ فلسطین کے ہوائی اڈوں خصوصاً بن گوریون ایئرپورٹ کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کریں، جیسا کہ کچھ ہوائی کمپنیاں پہلے ہی کر چکی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عظیم یمنی قوم، فلسطینی عوام کو نسل کشی اور جبری بے دخلی کا شکار دیکھ کر خاموش نہیں بیٹھے گی، جبکہ عرب اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عرب اور اسلامی دنیا کے تمام باضمیر افراد پر لازم ہے کہ وہ فلسطینی قوم کے ساتھ دینی، اخلاقی اور انسانی سطح پر اپنا فرض ادا کریں۔

بریگیڈیئر جنرل سریع نے اعلان کیا کہ جب تک غزہ پر جارحیت کا خاتمہ اور محاصرہ نہیں ہٹایا جاتا، اس وقت تک غزہ کی حمایت میں عسکری کارروائیاں، بن گوریون ایئرپورٹ پر فضائی ناکہ بندی اور اسرائیلی بحری آمدورفت پر پابندی جاری رہے گی۔

مختصر لنک:

کاپی