دوشنبه 12/می/2025

غزہ کا صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر، ہسپتالوں میں طبی سامان ختم

پیر 12-مئی-2025

غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین

غزہ کی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ علاقے کے ہسپتالوں میں آپریشن تھیٹر، انتہائی نگہداشت اور ایمرجنسی وارڈز ناکارہ اور پرانے آلات کے سہارے چل رہے ہیں، جبکہ اہم طبی سازوسامان کی شدید قلت نے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

پیر کے روز جاری بیان میں وزارت نے واضح کیا کہ قابض اسرائیل کی مسلسل ناکہ بندی کے باعث غزہ کے بیشتر ہسپتال اب موبائل ایکسرے مشینوں، بے ہوشی کے آلات اور خصوصی جراحی کے لیے درکار ضروری اوزاروں سے محروم ہو چکے ہیں۔ خاص طور پر ہڈیوں، آنکھوں اور شریانوں کی پیچیدہ سرجری کے لیے سازوسامان مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔

وزارت نے بتایا کہ طبی عملے کو چوبیس گھنٹے کی ڈیوٹی کے دوران بنیادی غذائی ضروریات بھی دستیاب نہیں، جبکہ ہسپتالوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس، جراثیم سے بچاؤ کے کپڑے، بیڈز اور دیگر بنیادی اشیاء بھی نایاب ہو گئی ہیں۔

حکام نے خبردار کیا کہ اس سنگین قلت نے غزہ کے ہسپتالوں کو مفلوج کر دیا ہے، اور طبی عملہ شدید دباؤ اور خطرناک حالات میں اپنی جانوں کو داؤ پر لگا کر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

عالمی یومِ ہلال احمر اور ریڈ کراس کے موقع پر فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے علمبردار کارکن اسرائیلی جارحیت کا براہِ راست نشانہ بن چکے ہیں۔

سوسائٹی کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اس کے 48 کارکن شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 30 اپنے انسانی فریضے کی انجام دہی کے دوران ہلال احمر کی مخصوص شناختی علامت کے ساتھ نشانہ بنے۔

بیان میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر غزہ میں انسانی ہمدردی کے عملے اور طبی کارکنان میں شہادتوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کر چکی ہے۔

ہلال احمر نے گہرے دکھ اور غصے کے ساتھ کہاکہ "ہلال احمر کا نشان جو کبھی تحفظ کی علامت ہوا کرتا تھا اب ہمارے کارکنان کی لاشوں کا کفن بن چکا ہے۔ یہ سب اس وقت ہو رہا ہے جب پوری دنیا مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔”

سوسائٹی نے زور دیا کہ یہ حملے کوئی اتفاقیہ نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہیں جس کا مقصد غزہ میں صحت کے نظام کو مکمل تباہ کرنا ہے۔

انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان حملوں میں ملوث عناصر کا محاسبہ کیا جائے اور فوری طور پر ان تین کارکنان کو رہا کیا جائے جنہیں قابض اسرائیل نے جبری طور پر لاپتا کر رکھا ہے، ساتھ ہی درجنوں دیگر طبی اہلکاروں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی