یکشنبه 11/می/2025

خانیونس میں کویت فیلڈ ہسپتال نے محاصرہ کے باعث طبی خدمات محدود کر دیں

اتوار 11-مئی-2025

غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین

غزہ کے جنوبی شہر خانیونس کے علاقے مواصی میں واقع کویت اسپیشلسٹ فیلڈ ہسپتال نے شدید محاصرے اور بنیادی وسائل کی قلت کے باعث اپنی متعدد طبی خدمات کو محدود کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ غزہ میں جاری انسانی بحران کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر ہو چکا ہے، جہاں مسلسل دو ماہ سے زائد عرصے سے قابض اسرائیل نے تمام زمینی گذرگاہیں بند کر رکھی ہیں۔

ہسپتال کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ دواؤں، طبی و غذائی اشیاء اور ایندھن کی شدید قلت کے باعث یہ فیصلہ مجبوری کے تحت لیا گیا ہے، تاکہ کم از کم ایمرجنسی مریضوں کے لیے محدود سطح پر صحت کی سہولیات کو برقرار رکھا جا سکے۔

بیان میں تفصیل کے ساتھ بتایا گیا کہ کن شعبہ جات میں خدمات محدود کی جا رہی ہیں.

آپریشن تھیٹر: روزانہ ہونے والی جراحی کارروائیوں میں 60 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ: اب صرف انتہائی ہنگامی اور نازک حالتوں کے لیے محدود خدمات جاری رہیں گی۔
لیبارٹری: چوبیس گھنٹے کی بجائے اب صرف 12 گھنٹے یومیہ کام کرے گی۔
ریڈیالوجی یونٹ: اب روزانہ صرف 12 گھنٹے کام کرے گا۔
ایمرجنسی یونٹس: طبی عملہ صرف شدید ضرورت اور کیس کی نوعیت کے مطابق علاج کرے گا۔

ہسپتال انتظامیہ نے عالمی برادری، متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اخلاقی و انسانی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے فوری طور پر غزہ میں ایندھن، ادویات اور خوراک کی ترسیل ممکن بنائیں۔

انتظامیہ نے مطالبہ کیا کہ مریضوں کے انخلا کے لیے فوری طور پر سرحدی گذرگاہیں کھولی جائیں، کیونکہ درجنوں مریض ہر روز طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے موت کے قریب پہنچ رہے ہیں، جب کہ غزہ کی صحت کا نظام تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی