شنبه 10/می/2025

قابض اسرائیل کے ہاتھوں قتل عام جاری، 24 گھنٹوں میں 147 فلسطینی شہید و زخمی

ہفتہ 10-مئی-2025

غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی کی جنگ کے نتیجے میں 23 فلسطینی شہید اور 124 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ہفتے کے روز جاری کیے گئے روزانہ کی بنیاد پر جاری کردہ بیان کا حصہ ہیں، جس میں جاری ظلم و ستم کی سنگینی کو واضح کیا گیا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023ء سے جاری قابض اسرائیل کی جنگِ نسل کشی میں اب تک شہداء کی تعداد 52,810 ہو چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 119,473 تک جا پہنچی ہے۔

اس ہولناک مہم کے تازہ ترین مرحلے کا آغاز 18 مارچ 2024ءکو اس وقت ہوا جب بنجمن نیتن یاھو نے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے اُس معاہدے سے دستبرداری اختیار کر لی، جو 19 جنوری 2025 سے نافذ العمل تھا۔ اس معاہدے کی ضمانت مصر، قطر اور امریکہ نے دی تھی، جب کہ حماس نے اس پر مکمل عمل درآمد کیا۔

وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ کئی شہداء اور زخمی اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا کھلے راستوں پر پڑے ہیں، جہاں تک ایمبولینسوں اور ریسکیو ٹیموں کی رسائی انتہائی دشوار ہے، جس کے باعث شہادتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 18 مارچ سے اب تک قابض اسرائیلی افواج کی بمباری، توپ خانے سے حملوں اور فضائی جارحیت کے نتیجے میں مزید 2,701 فلسطینی شہید اور 7,432 زخمی ہو چکے ہیں۔ یوں گزشتہ 18 ماہ کے دوران قابض اسرائیل کی بربریت کا شکار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 172,283 ہو چکی ہے۔

غزہ کے شہری، جو پہلے ہی بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں، اب بمباری، قحط، بیماری اور بین الاقوامی بے حسی جیسے کربناک حالات سے دوچار ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی