غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی صبح غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائی میں اسرائیلی فوج کے کئی اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
عبرانی نیوز ویب سائٹ "حدشوت بزمان” نے اطلاع دی ہے کہ الشجاعیہ میں علی الصبح ایک "سنگین سکیورٹی واقعہ” پیش آیا، جس کے بعد اسرائیلی فوجیوں کو فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے علاقے سے نکالا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مزاحمتی حملے میں ایک اسرائیلی بکتر بند گاڑی کو اینٹی ٹینک میزائل سے براہ راست نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی فوجی اور افسران زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال تل ہاشومیر منتقل کیا گیا۔
واقعے کے فوری بعد قابض اسرائیل نے الشجاعیہ میں توپ خانے کی شدید بمباری کی اور مزید فوجی ہیلی کاپٹرز تعینات کر دیے۔
مختلف ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ صبح کے وقت الشجاعیہ کے علاقے میں زخمی اسرائیلی فوجیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح تصدیق کی تھی کہ جمعرات کو جنوبی غزہ میں ہونے والے دو مختلف واقعات میں اس کے دو فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو چکے ہیں۔
اس دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں مسلسل قابض افواج کو نشانہ بنا رہی ہیں، جس سے اسرائیلی نقصانات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ حملے غزہ کے معصوم شہریوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے جواب میں جاری ہیں۔
جمعے کی شب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ "القسام بریگیڈز” نے "ابواب الجحیم” (دوزخ کے دروازے) نامی کارروائیوں کی ایک نئی ویڈیو جاری کی۔ ویڈیو میں بدھ 7 مئی کو رفح شہر کے مشرق میں اسرائیلی افواج پر کیے گئے ایک منظم حملے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔