شنبه 10/می/2025

قابض اسرائیلی دہشت گردی میں نابلس میں دو فلسطینی نوجوان شہید

ہفتہ 10-مئی-2025

نابلس – مرکز اطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی فوج نے جمعے کی شام مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے مشرقی علاقے میں واقع ایک گھر کا محاصرہ کر کے وہاں موجود دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ دونوں مجاہدین نے گھر پر حملے کے دوران قابض فوج سے بھرپور مسلح مزاحمت کی۔

عینی شاہدین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے نابلس کے مشرقی علاقے شارع المی میں واقع "عین کاکوب” کے مقام پر ایک مکان کا محاصرہ کیا اور اس پر متعدد "انیرجا” قسم کے راکٹ فائر کیے۔ اس دوران علاقے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جب کہ اسرائیلی فوج کی مزید کمک بھی موقع پر پہنچ گئی۔

قابض فوج نے نہ صرف پورے علاقے کا محاصرہ کیا بلکہ ہسپتال کی ایمبولینسوں کو بھی موقع پر پہنچنے سے روک دیا، جس سے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔

مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس مسلح جھڑپ میں جنین بٹالین کے کمانڈر نور عبد الکریم البیطاوی اور نوجوان حکمت عبدالنبی جام شہادت نوش کر گئے۔ دونوں نوجوان قابض اسرائیل کی سفاکیت کے خلاف مزاحمت کے علمبردار تھے۔

نابلس میں موجود فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی کہ اس کے امدادی عملے نے محاصرے کے دوران شہید ہونے والے دونوں نوجوانوں کی لاشیں ملبے سے نکالیں۔

واقعے کے بعد شہداء کی لاشوں کو نابلس کے معروف رفیدیا ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں فلسطینی عوام کی بڑی تعداد نے شدید غم و غصے اور دکھ کے عالم میں ان کا استقبال کیا۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ قابض اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو اپنی سرزمین پر بھی زندہ رہنے کا حق دینے کو تیار نہیں اور آئے روز بے گناہ نوجوانوں کو نشانہ بنا کر ان کی مزاحمت کو کچلنے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی