جمعه 09/می/2025

غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کا 581واں روز: ہر گذرتے لمحے شہادتوں کی تعداد میں اضافہ

جمعہ 9-مئی-2025

غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر جاری نسل کشی کی جنگ اپنے 581 ویں روز میں داخل ہو چکی ہے، جب کہ دوبارہ شروع ہونے والی اس وحشیانہ یلغار کو 53 دن بیت چکے ہیں۔ یہ جارحیت اس وقت تیز ہوئی جب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے سیز فائر معاہدے سے راہِ فرار اختیار کر لی اور امریکہ کی سیاسی و عسکری پشت پناہی ، بین الاقوامی برادری کی خاموشی اور بے حسی میں غزہ میں قتل عام کا سلسلہ دوبارہ شروع کردی۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق غزہ میں قابض اسرائیل کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر درجنوں فضائی حملے جاری ہیں۔ مارچ کے آغاز سے غذائی اجناس اور امدادی اشیاء کی مسلسل بندش کے سبب قحط کے مناظر روز بروز ہولناک شکل اختیار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین تباہ کن واقعات

گذشتہ رات غزہ شہر کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں قابض اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سامی نصر ابو عصر شہید ہو گئے۔ وہ اپنے بھائی اور بیٹے محمد کے بعد اس جنگ میں شہید ہونے والے خاندان کے تیسرے فرد تھے۔

وسطی غزہ کے النصیرات کیمپ میں ایک گھر پر فضائی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جب کہ الزوایدہ کی رہائشی بستی میں بھی قابض اسرائیل کے حملوں سے شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

غزہ کے مغربی علاقے الرمل میں فلسطین مسجد کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

رات گئے ایک اور المناک حملے میں قابض اسرائیل نے النصیرات کیمپ کے داخلی راستے کے قریب گھریلو سامان کی دکان کو نشانہ بنایا، جس میں چار افراد شہید ہو گئے، جن میں دو معصوم بچیاں بھی شامل تھیں۔

خان یونس کے مغربی علاقے میں ایک خیمے پر بمباری سے بچہ ایمن محمد حمدان خفاجہ شہید ہو گیا، جو نقل مکانی کر کے وہاں پناہ لیے ہوئے تھا۔

اس کے ساتھ ہی قابض اسرائیل کی بحریہ نے غزہ کے شمالی ساحل پر توپوں سے گولہ باری کی، جب کہ مشرقی غزہ میں بھی توپ خانے سے شدید حملے کیے گئے۔

شہداء کی تعداد میں مسلسل اضافہ

غزہ کی وزارت صحت نے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہسپتالوں میں 106 شہداء اور 367 زخمیوں کو لایا گیا، جو اس مسلسل قتل عام کی شدت کو واضح کرتا ہے۔

وزارت کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک قابض اسرائیل کی نسل کشی سے شہید ہونے والوں کی تعداد 52,760 ہو گئی ہے، جب کہ 119,264 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

18 مارچ سے اب تک یعنی حالیہ جنگی مرحلے میں، 2,651 فلسطینی شہید اور 7,223 زخمی ہو چکے ہیں، جس سے پچھلے 18 ماہ میں مجموعی جانی نقصان 172,024 فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ کئی شہداء کے اجسام اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جن تک ایمبولینس یا ریسکیو ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔

مختصر لنک:

کاپی