مقبوضہ بیت المقدس – مرکز اطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی پولیس کی سخت سکیورٹی میں درجنوں صہیونی آبادکاروں نے آج جمعرات کی صبح مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہوئے اشتعال انگیز گشت کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کئی صہیونی آبادکار قابض اسرائیلی پولیس کی معیت میں علی الصبح مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کے اندر اشتعال انگیز گشت کرتے رہے۔ یہودیوں کے اس گشت کو فلسطینی عوام نے شدید اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔
مسجد اقصیٰ میں یہ دھاوے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں، جنہیں قابض اسرائیل کی سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ مسلمانوں کے قبلۂ اول کو "زمانی اور مکانی” طور پر تقسیم کرنے کی کوششوں کا واضح اشارہ بھی ہیں۔
ادھر القدس کی اسلامی اوقاف کے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ "ہیكل نامی گروہ” نے اپنی اشتعال انگیزی میں شدت پیدا کر دی ہے۔ ان گروہوں نے قابض حکومت میں شامل وزیر برائے قومی سکیورٹی، ایتمار بین گویر کو ایک درخواست بھی پیش کی ہے۔
اس درخواست میں صہیونیوں کو 26 مئی کو نام نہاد "یوم القدس” کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں ان کے لیے 25 مئی اتوار کی شام سے لے کر 26 مئی پیر کی شام تک کے دوران "مکمل تلمودی رسومات” کی ادائیگی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
یہ اشتعال انگیز اقدامات فلسطینیوں اور عالم اسلام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں، جو قبلۂ اول کے خلاف کسی بھی سازش کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہیں۔