مرکزاطلاعات فلسطین
مصر اور قطر نے بدھ کے روز ایک مشترکہ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں مکمل اور پائیدار جنگ بندی کے لیے اپنی ثالثی کی کوششیں جاری رکھیں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب قابض اسرائیل کی جارحیت مسلسل جاری ہے اور غزہ کے شہری شدید انسانی بحران سے دوچار ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کی یہ کوششیں ایک متفقہ وژن پر مبنی ہیں، جس کا مقصد بے مثال انسانی بحران کا خاتمہ اور شہریوں کی تکلیف میں کمی ہے، تاکہ جنگ بندی کی ایسی صورت پیدا کی جا سکے جو ظلم و جارحیت کو روکے اور امدادی سرگرمیوں کے دروازے کھولے۔
مصر اور قطر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ذرائع ابلاغ میں پھیلائی جانے والی افواہیں، غلط بیانی یا اختلاف کی کوششیں ان کے تعاون کو متاثر نہیں کریں گی۔ دونوں ملکوں نے واضح کیا کہ وہ مل کر اس جنگ کو ختم کرنے اور انسانی المیے پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ بیان ان اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی جانب اشارہ تھا جو دونوں ممالک کے درمیان اختلاف ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دونوں حکومتوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی وساطت کاری کی مساعی کسی داخلی سیاسی مفاد یا ذاتی ایجنڈے کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً فلسطینی عوام کی بھلائی کے لیے کی جا رہی ہیں، تاکہ ایک واضح، منصفانہ اور مستقل جنگ بندی ممکن بنائی جا سکے۔
بیان کے مطابق مصر اور قطر اس مقصد کے لیے امریکہ کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ایک ایسا معاہدہ ممکن بنایا جا سکے جو انسانی بحران کا خاتمہ کرے اور بے گناہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔