غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
غزہ کے جنوبی شہر خانیونس کے مشرقی علاقے میں قابض اسرائیلی فوج پر القسام بریگیڈز نے دھماکہ خیز کارروائی کرتے ہوئے کئی صیہونی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بدھ کو جاری اپنے عسکری بیان میں کہا ہے کہ ان کے مجاہدین نے خانیونس کے مشرقی علاقے الفراحین میں شارعِ العودة پر پہلے سے نصب ایک بارودی سرنگوں کےفیلڈ کو صیہونی فوجی قافلے پر دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے کے بعد القسام کے مجاہدین نے اس علاقے کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا، جس کے بعد ایک تباہ شدہ فوجی گاڑی کو کھینچتے ہوئے دیکھا گیا اور صیہونی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر زخمی اہلکاروں کو نکالنے کے لیے اتارا گیا۔
اسی تسلسل میں پیر کے روز القسام بریگیڈز نے اعلان کیا تھا کہ ان کے مجاہدین نے خانیونس کے مشرق میں ایک صیہونی انجینئرنگ یونٹ پر پیچیدہ گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔
اس حوالے سے جاری عسکری بیان میں کہا گیا تھا کہ مجاہدین نے راہگیروں پر استعمال ہونے والے اینٹی پرسنل میزائل سے صیہونی یونٹ کو نشانہ بنایا، پھر صفر فاصلے سے فائرنگ کرتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے بعد القسام کے مجاہدین نے الفراحین کے قریب دو صیہونی ٹینکوں اور ایک بلڈوزر کو یاسین 105 راکٹوں سے نشانہ بنایا، جو غزہ کے جنوبی علاقے خانیونس کے مشرق میں واقع باڑ کے قریب تعینات تھے۔
اتوار کے روز بھی القسام بریگیڈز نے مشرقی رفح کے الجنینہ محلے میں ایک اور صیہونی یونٹ پر پیچیدہ گھات لگا کر حملہ کرنے کی تفصیلات جاری کی تھیں، جس میں کئی اسرائیلی فوجی مارے گئے یا زخمی ہوئے۔