نیویارک – مرکز اطلاعات فلسطین
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے خبردار کیا ہے کہ قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں میں توسیع کی منصوبہ بندی مزید ہلاکتوں اور تباہی کا باعث بنے گی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گوتریش نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایسی کسی بھی کارروائی کے نتیجے میں ناگزیر طور پر مزید شہری جانوں کا نقصان ہوگا اور غزہ میں تباہی کی شدت بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کے نزدیک اس نازک وقت میں ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ فوری طور پر تشدد کا خاتمہ کیا جائے، نہ کہ مزید قتل و غارتگری کی راہ ہموار کی جائے۔
گوتریش نے اسرائیلی منصوبے کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ پر حملے مزید بربادی کو جنم دے رہے ہیں اور ان کے نتائج نہایت سنگین ہوں گے۔
اسی روز قابض اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک ٹی وی خطاب میں اعلان کیا کہ ان کی سکیورٹی کابینہ نے اتوار کو ہونے والے طویل اجلاس میں غزہ میں جاری نسل کشی کی کارروائیوں میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ اسرائیلی حکومت پورے عزم کے ساتھ محصور غزہ پر قبضے کی تیاری کر رہی ہے۔
قابض اسرائیل کو امریکہ کی مکمل حمایت اور سرپرستی حاصل ہے اور 7 اکتوبر 2023ء سے جاری جارحیت میں اب تک 171 ہزار سے زائد فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ جب کہ 11 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔