غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین
غزہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 32 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں سے 9 کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں، جبکہ 119 زخمیوں کو غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
وزارت صحت کے مطابق اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا سڑکوں پر شہید پڑے ہیں، جن تک امدادی ٹیمیں اور سول ڈیفنس اہلکار شدید بمباری کے باعث رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ قابض اسرائیل کے 7 اکتوبر 2023 سے جاری حملوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 52,576 فلسطینی شہید اور 118,610 زخمی ہو چکے ہیں۔
جبکہ صرف حالیہ جنگی مرحلے یعنی 18 مارچ 2025 ءکے اب تک 2,459 افراد شہید اور 6,569 زخمی ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے۔
وزارت صحت نے شہداء اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کا مکمل ڈیٹا وزارت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درج کروائیں، تاکہ تمام معلومات کو باضابطہ طور پر ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔