غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے یمن کی غیر معمولی جرأت اور مزاحمتی کردار پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن آج فلسطین کا حقیقی ہم نوا اور ظلم کے خلاف سینہ سپر ایک عظیم قوم کے طور پر سامنے آیا ہے۔
اتوار کے روز ٹیلیگرام پر جاری پیغام میں ابو عبیدہ نے کہاکہ "یمن کو عظمت حاصل ہے جو فلسطین کا ہم نوا ہے، وہ ظلم کی طاقتور ترین قوتوں کے خلاف ڈٹا ہوا ہے اور سر جھکانے سے انکاری ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ "یمن نے جارحیت کے باوجود نہ صرف ہمت نہیں ہاری بلکہ اس نے صہیونی ریاست کے قلب پر کاری ضربیں لگاتے ہوئے دنیا کی سب سے جدید دفاعی ٹیکنالوجی کو بے بس کر دیا، اور اپنے اہداف کو نہایت درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا”۔
ابو عبیدہ نے اپنے پیغام کا اختتام دعا سے کیاکہ "اللہ آپ کی ضربوں کو درست کرے، آپ کے جہاد کو برکت دے، اور آپ کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔ آپ ہم میں سے ہیں اور ہم آپ میں سے”۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب یمن کی مسلح افواج کی جانب سے داغا گیا ایک ہائپرسونک میزائل قابض اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ پر جا گراجسے روکنے میں اسرائیلی اور امریکی دفاعی نظام تھاڈ اور حیٹز ناکام ہو گئے۔ اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق میزائل نے دفاعی نظام کی چار تہیں عبور کیں اور براہ راست ایئرپورٹ پر گرا جس کے نتیجے میں 25 میٹر گہرا گڑھا بن گیا اور شدید دھماکوں کی لہر پورے علاقے میں پھیل گئی۔
دھماکے کے بعد لاکھوں اسرائیلی شہری پناہ گاہوں کی طرف دوڑ پڑے، جس سے صہیونی ریاست کی داخلی سلامتی پر گہرے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔