مغربی کنارہ – مرکز اطلاعات فلسطین
یہودی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع المغیر گاؤں میں تین صحافیوں اور ایک مزدور کو یرغمال بنا لیا۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے بیت المقدس سے چار شہریوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔
مسلح آباد کار ایک گاڑی سے باہر نکلے اور ایک مزدور رابی ابو نعیم، صحافیوں محمد ترکمان، کریم خامیشہ اور احمد الخطیب کو گرفتار کر لیا۔ انہیں اس وقت یرغمال بنایا گیا جب وہ المغیر گاؤں میں آباد کاروں کے حملوں اور خیموں کو مسمار کرنے کی کوریج کررہے تھے۔
یہودی آباد کاروں نے گاڑی کی چابیاں لینے اور انہیں جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے فلم بندی کے لیے استعمال ہونے والے فون کو بھی ضبط کرنے کی کوشش کی اور کہاکہ اگروہ علاقے میں واپس آئے توانہیں جان سے ماردیا جائے گا۔
دریں اثناء قابض اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے شمال میں واقع گاؤں ترمسعیا اور نابلس کے شمال مغرب میں واقع سیبسطیا قصبے میں چھاپوں اور دراندازی کی مہم شروع کی۔ انہوں نے القدس میں ایک گاڑی کو بھی روکا اور ڈرائیور کی شناخت پریڈ کی۔
آباد کاروں نے اریحا کے شمال مغرب میں عرب الملیحات کمیونٹی کی طرف جانے والی سڑک کو بند کر دیا۔
قابض فوج نے شہر اور اس کے دو کیمپوں پر مسلسل 97ویں روز بھی جاری جارحیت کے دوران طولکرم شہر اور مشرقی مضافاتی علاقے ذنبا سے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے ریان الشان اور کمال الثقلہ کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ شہر کے مغربی حصے میں یافا اسٹریٹ پر تھے اور شہید ثابت چکر کے قریب بلعہ قصبے کے رہائشی عدی ایمن نسوح کو گرفتار کیا۔