صنعاء – مرکز اطلاعات فلسطین
غزہ کی پٹی کی حمایت میں دارالحکومت صنعا سمیت 14 گورنریوں میں جمعے کے روز لاکھوں یمنیوں نے اسرائیل کی طرف سے امریکی حمایت سے جاری نسل کشی کے خلاف مظاہرے کیے۔
احتجاجی مظاہروں کی اپیل یمن کی حوثی مزاحمتی تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی کی طرف سے کی گئی تھی۔ان کی اپیل پر دارالحکومت صنعاکے "الصابین اسکوائر” میں منعقد کیے گئے جلوس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس کےعلاوہ "الاقصیٰ سپورٹ کمیٹی” کے مطابق ملک میں 800 مقامات پر فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی اور امریکی دہشت گردی کےخلاف مظاہرے اور جلوس نکالے گئے۔
اس موقعے پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر "ہم قاتلوں اور متکبروں کے سامنے غزہ اور فلسطین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں”۔
مظاہرین نے غزہ کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنے والے نعرے لگائے اور یمنی اور فلسطینی پرچم لہرائے۔
انہوں نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ امریکہ کو عالمی دہشت گرد اور غاصب صہیونی ریاست کا پشت پناہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام صہیونیوں اور امریکیوں کے خلاف جدو جہد جاری رکھیں گے۔