غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
خان یونس کے جنوب میں واقع الاقلیمیہ کے علاقے میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری سے پیر کی رات تین بچوں سمیت کم از کم پانچ افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جہاں سے شہدا اور زخمیوں کو برطانوی ہسپتال اور ریڈ کراس ہسپتال منتقل کیا گیا۔
شہید ہونے والوں میں کم سن بچہ مسک شلوف، عزیزہ شلوف، نبیل زراب اور بچہ صبا القاضی شامل ہیں۔
غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت مسلسل 43ویں روز بھی جاری ہے، جاری بمباری، بے گھر افراد کے خیموں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنانا اور تقریباً روزانہ کی بنیاد پر بچوں اور شہریوں کو جان بوجھ کر قتل کیا جا رہا ہے۔ حالیہ ایام میں فلسطینیوں کے قتل عام میں شدت آئی ہے اور ہر چند منٹ کے بعد فلسطینیوں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق جمعرات 24 اپریل سے اب تک 312 سے زائد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی فوجی جارحیت سے 52,243 فلسطینی شہید اور 117,639 زخمی ہو گئے ہیں۔