چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ میں قتل عام کے لیے اسرائیل فوج نے نیا مہلک میزائل استعمال کرنا شروع کردیا

منگل 29-اپریل-2025

غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے اور تباہ کن وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کاحامل ایک نیا گائیڈڈ میزائل ’بار‘ استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ یہ ایک انتہائی خوفناک جنگی ہتھیار ہے جو وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

قابض اسرائیلی فوج نے پیر کے روز غزہ کی پٹی میں "بار” گائیڈڈ میزائل کے اپنے پہلے استعمال کا انکشاف کیا، جو اس سے قبل اس نے لبنان کے خلاف اپنی حالیہ جارحیت کے دوران استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق میزائل میں نیوی گیشن کی صلاحیت ہے جو تمام پیچیدہ جنگی ماحول سے مطابقت رکھتی ہے اور بہت کم وقت میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

فوج نے پچھلے بیان میں وضاحت کی تھی کہ یہ میزائل امریکی ’ایم ایل آر ایس‘ راکٹ لانچر سسٹم کے مقابلے میں زیادہ موثر رینج اور بہتر درستگی کا حامل ہے جسے اسرائیل کئی دہائیوں سے استعمال کر رہا ہے۔ اس نے کہا کہ ’بار ‘ فری نیویگیشن صلاحیتوں اور لیزر پر مبنی گائیڈڈ نظام سے لیس ہے، جو اسے اہداف کو نشانہ بنانے میں زیادہ درست بناتا ہے۔

میزائل کو لیوا پلیٹ فارم سے لانچ کیا گیا ہے۔

فوج کے مطابق بار میزائل ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا میزائل ہے جس کی رینج 30 کلومیٹر تک ہے اور یہ آرٹلری کے ذریعے استعمال ہونے والے پرانے لانس میزائلوں سے زیادہ تباہ کن طاقت کا حامل ہے۔

اس کہا کہ 282 ویں شمالی فائر بریگیڈ سے وابستہ 334 ویں تھنڈر بٹالین نے حال ہی میں نئی ​​میزائل بیٹریاں حاصل کیں، جو اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حالیہ فوجی کارروائیوں میں پہلے ہی ان کا استعمال کیا ہے۔

امریکی حمایت کے ساتھ اسرائیل 7 اکتوبر 2023 ءسے غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے، جس میں 169,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، جن میں سے زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔ 11,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی