غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی قیادت کے ایک وفد نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی کوششوں میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت اور تحریک کے دورہ قاہرہ کے نتائج سے آگاہ کیا۔
حماس کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز دوحہ میں حماس کے ایک وفد نے جماعت کی قیادت کونسل کے چیئرمین محمد درویش کی قیادت میں ترک وزیر خارجہ فیدان سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی قیادت ثالثوں کے سامنے پیش کیے گئے وژن پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سیاسی دوروں اور ملاقاتوں کا ایک سلسلہ کر رہی ہے، جس میں جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے، ریلیف اور تعمیر نو پر مشتمل ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
میٹنگ میں غزہ میں انسانی صورتحال میں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قابض اسرائیل کی طرف سے غزہ میں بھوک اور قحط مسلط کرنے کی مجرمانہ پالیسی اور خوراک کی فراہمی پر پابندی پر بھی بات چیت کی گئی۔
وفد نے غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ترکی کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ بھی لی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے آنے والے عرصے کے دوران رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور ساتھ ہی غزہ پر جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سیاسی کوششوں پر بھی زور دیا۔
اس سے قبل اتوار کو قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اعلان کیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے مذاکرات نہیں رکے۔ انہوں نے کہا کہ حتمی مرحلے پر کام جاری ہے جس کے بعد جنگ بندی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔