چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ سے اظہارِ یکجہتی: پاکستان بھر میں ہڑتال، کاروباری مراکز اور دکانیں بند

ہفتہ 26-اپریل-2025

مرکزاطلاعات فلسطین

پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی میں ہفتے کو جماعت اسلامی (جے آئی) کی جانب سے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کی گئی ملک گیر ہڑتال کی وجہ سے بازار اور کاروبار بند رہے۔

تاجروں، وکلا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی کرنے والی مختلف تنظیموں نے ہڑتال کی وسیع پیمانے پر حمایت کی، اور اس کے باعث بندرگاہی شہر میں کوئی بڑی تجارتی سرگرمی نہیں ہوئی۔

اس ماہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں غزہ یکجہتی مارچ کے بعد کراچی میں ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی اور دنیا سے اسرائیلی فوجی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ منعم ظفر خان نے کہا کہ آج پورے کراچی میں ہڑتال ہے، ہڑتال کی نہ صرف کراچی کی تاجر برادری بلکہ پروفیشنلز اور سول سوسائٹی کے گروپوں نے بھی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے اور کراچی کی پوری تاجر برادری، کراچی کے وکلا، کراچی کے طلبہ، کراچی کے علما، کراچی کی سول سوسائٹی سب اس کی حمایت کر رہے ہیں۔‘

ہڑتال زیادہ تر کراچی میں دیکھی گئی اور یہ پاکستان کے دیگر حصوں میں صرف جزوی طور پر ہو سکی۔

کوآپریٹو مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد اسلم خان نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی جس میں اکتوبر 2023 سے اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی قتل کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کے اس عمل پر سخت بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اسلم نے کراچی کے علاقے صدر میں کھڑے ہو کرعرب نیوز کو بتایا: ’اس وقت دن کے 12 بج چکے ہیں اور شہر مکمل طور پر خاموش اور بند ہے۔‘

انہوں نے کہا: ’ہم فلسطینیوں کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ فلسطینی مسلمانوں کے لیے لوگوں کے دل دھڑک رہے ہیں اور ہمیں ان کے ساتھ ہونے والی نسل کشی، ان پر ہونے والے ظلم و ستم اور ان کی خوراک اور پانی جیسی بنیادی ضروریات مکمل طور پر منقطع ہونے پر شدید دکھ ہے۔‘

کراچی میں آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری ایسوسی ایشن کے نمائندے عثمان شریف نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری فلسطین کاز میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا: ’ہر تاجر کہتا ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح سے اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے، چاہے وہ دعاؤں کے ذریعے ہو، فنڈز کے ذریعے ہو، ہڑتال میں حصہ لینے کے ذریعے ہو، ریلی میں شامل ہونے کے ذریعے ہو، یا بائیکاٹ کے ذریعے۔ یہ ہڑتال پورے پاکستان میں ہو رہی ہے اور یہاں کراچی میں بھی لوگوں نے ہڑتال میں حصہ لیا ہے۔‘

مختصر لنک:

کاپی