مرکز اطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے ویٹیکن کے پوپ فرانسس کے انتقال پر دنیا بھر کے کیتھولک چرچ اور تمام عیسائیوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ حماس نے آنجہانی پوپ کی انسانی اور مذہبی اقدار کےلیے خدمات کو سراہا۔
حماس نے پیر کو ایک اخباری بیان میں کہاکہ آنجہانی پوپ فرانسس کا بین المذاہب مکالمے کی اقدار کو فروغ دینے، اقوام کے درمیان افہام و تفہیم اور امن بقائے باہمی،نفرت اور نسل پرستی کے خلاف کا موقف قابل قدر تھا۔ انہوں نے ایک سے زیادہ مواقع پر دنیا میں جارحیت اور جنگوں کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے پوپ کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کرنے والی نمایاں مذہبی آوازوں میں سے ایک توانا آواز قرار دیا جو اب دنیا میں نہیں رہی۔
حماس نے ان کے اخلاقی اور انسانی موقف کو سراہتے ہوئے، ناانصافی اور استعمار کا مقابلہ کرنے کے لیے الہی پیغامات کے علمبرداروں اور زندہ ضمیروں کے درمیان مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ ویٹیکن نے پیر کے روز ایک ویڈیو بیان میں کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما پوپ فرانسس کی موت کا اعلان کیا۔