چهارشنبه 30/آوریل/2025

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ” یکجہتی فلسطین مارچ” ملک بھر میں ریلیاں اور جلسے جلوس جاری

اتوار 20-اپریل-2025

اسلام آباد۔ مرکزاطلاعات فلسطین

ریڈ زون کے داخلی راستوں پر سخت سکیورٹی نافذ ہے، جبکہ ڈی چوک اور سرینا چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر خار دار تاریں اور بیریئرز لگا دیے گئے ہیں، اور اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع پر پابندی عائد ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق، سری نگر ہائی وے پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں، لہٰذا شہریوں کو متبادل کے طور پر سروس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کو بلیو ایریا، ایف 6 اور ایف 7 سیکٹرز کے لیے ایچ 8 انڈر پاس استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ سیکٹر آئی اور ایچ کے لیے راولپنڈی پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ سے متصل سروس روڈ استعمال کیے جائیں۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں وفاقی وزرا سے اسلام آباد میں آج ہونے والے یکجہتی فلسطین مارچ کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

لیاقت بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے منعقدہ مارچ کو روکنے کا کوئی حق حاصل نہیں، جماعت اسلامی کا مارچ پرامن ہوگا، اور حکومت کو غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کر کے خود کو دنیا کے سامنے شرمندہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ مارچ کو نہ روکے اور یکجہتی فلسطین کے جذبے کے تحت کسی بھی علاقے کو نو گو ایریا قرار نہ دیا جائے۔

مختصر لنک:

کاپی