مغربی کنارہ – مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ رات اور اتوار کی علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے متعدد فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ قابض فوج نے شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور مکینوں پر حملہ کیا۔
جنین میں قابض اسرائیلی فوج نے شہر کے جنوب میں واقع قصبے عرابہ پر دھاوا بول دیا اور گھروں کی تلاشی لی اور چھاپے مار کارروائیاں شروع کیں۔ گھر میں موجود قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران انہوں نے حسین معاویہ قادان اور عماد فراس ہمدان کو بھی گرفتار کرلیا۔
نابلس میں قابض اسرائیلی فوج نے پرانے شہر پر دھاوا بول دیا۔قابض فوج نے عقبہ، حوش الجیتان اور دہلیت حبس الدم کے محلوں میں گشت کیا۔
قابض فورسز نے پرانے شہر کے القریون محلے، باب الصحا، حوش الجیتان اور مشرقی بازار میں بھی چھاپے مارے تاہم کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔
قابض اسرائیلی فوج نے طولکرم میں ایک نوجوان کو شہر کے شمال میں واقع نزلت عیسیٰ کی زمین پر دیوار فاصل کے قریب گولی مار دی۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی ہے کہ اس کی ایمبولینس کے عملے نے ایک 31 سالہ شخص کو طبی امداد فراہم کی ہے جس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے اسے طولکرم کے شہید ثابت سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی قابض فوج نے تلکرم شہر اور اس کے دو کیمپوں کے خلاف مسلسل 84ویں دن اور نور شمس کیمپ میں 71ویں روز بھی جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے اور قابض فوج منظم ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
الخلیل میں مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے اتوار کے روز شہر کے جنوبی علاقے سے رانی حسام طحہٰ اور حبیب توفیق ابو حسین کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج اور فوجی گاڑیوں نے آج فجر کے وقت بیت امر کے شمال میں واقع صفا ء میں چھاپے مارے اور 16 سالہ لڑکے عمرو بسام محمود الطیت کو گرفتار کرلیا۔