بیروت ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں حملے جاری ہیں۔
منگل کے روز قابض اسرائیلی فضائی حملے میں ایک کارکو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک شری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کےمطابق جنوبی لبنان میں عیترون روڈ پر ایک کار کو نشانہ بنایا، جس میں نجیب بیدون نامی حزب اللہ کا رکن ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ عیترون قصبے میں ایک کار پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور ایک بچے سمیت تین زخمی ہوئے۔
ادھر قابض اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے عیترون کے علاقے میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ اس نے وضاحت کی کہ اس نے "حزب اللہ کے خصوصی آپریشن کے آلات میں ایک سیل کے رہنما کو قتل کر دیا ہے”.
دریں اثناء اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر نے لبنان میں شہریوں کے تحفظ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے ترجمان ثمین الخیطان نے آج جنیوا میں صحافیوں کو بتایاکہ "لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کے تحفظ کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں کم از کم 71 شہری مارے جا چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 14 خواتین اور 9 بچے” شامل ہیں‘‘۔