چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ پرمسلسل بمباری اور ناکہ بندی کے سنگین نتائج برآمد ہو رہے ہیں،ادویات پر پابندی ہٹائی جائے:اقوام متحدہ

منگل 8-اپریل-2025

نیو یارک – مرکزاطلاعات فلسطین

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا اسرائیل کی مسلسل بمباری اور زندہ رہنے کے ذرائع کی کمی کی وجہ سے غزہ کے مکینوں کی زندگیوں کی تباہی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ اسرائیلی ریاست انسانی زندگی کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اب غزہ میں زمین پر اپنی ٹیموں کی حفاظت کی ضمانت دینے کے قابل نہیں ہے اور پٹی میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں امدادی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ماری جا چکی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 ءسے نسل کشی میں اضافے کے ساتھ اسرائیل کی پالیسیاں اس سے کہیں زیادہ شدید ہو گئی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو بچانے کے لیے اقدامات کریں، جنہیں سخت ناکہ بندی کے تحت بمباری اور شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔

ادویات لانے کی اپیل

ایک متعلقہ پیشرفت میں غزہ میں وزارت صحت نے ہسپتالوں میں ضروری ادویات اور طبی سامان کی شدید قلت کی وجہ سے ایک بار پھر عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) نے اتوار کے روز ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کم ہو رہی ہے، صورتحال خراب ہو رہی ہے، اور اسرائیلی ناکہ بندی ختم ہونی چاہیے اور امداد کی اجازت دی جانی چاہیے”۔

غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل نے 38 میں سے 34 ہسپتالوں کو تباہ کر دیا ہے، جن میں سرکاری اور پرائیویٹ دونوں ہسپتال شامل ہیں۔ صرف چار ہسپتال کو نقصان پہنچنے کے باوجود محدود صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جن میں ادویات اور طبی آلات کی شدید قلت ہے۔

اسرائیلی فضائی حملوں نے 162 دیگر طبی سہولیات کو تباہ کرنے کے علاوہ 80 مراکز صحت کو مکمل طور پر بند کر دیا۔

امریکی حمایت کے ساتھ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے، جس میں 165,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں، اور 11,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی