میڈرڈ – مرکز اطلاعات فلسطین
اسپین میں ہفتے کے روز 80 سے زیادہ شہروں میں قابض اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کی شدید مذمت کی۔
ہزاروں کی تعداد میں اسپینی باشندوں نے فلسطین کی حمایت میں ملک بھر میں چوکوں پر ریلیاں نکالیں۔ دارالحکومت میڈرڈ میں ہزاروں افراد نے غزہ میں نسل کشی روکنے کےلیے مظاہرے میں حصہ لیا۔
مظاہرین نے پوری دنیا سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو مجرم،” فلسطین زندہ باد” اور امن کے حق میں نعرےبازی کی‘۔
مظاہروں میں "جنگ بند کرو” تحریک کی طرف سے ایک بیان بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ تحریک میں سپین کی تقریباً 100 سول سوسائٹی کی تنظیمیں شامل ہیں۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ مظاہرے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی، بے گناہ لوگوں کے خلاف اس کے جرائم اور نسل کشی میں اضافے کی مذمت کے لیے منعقد کیے گئے تھے۔
قابض صہیونی فوج نے 18 مارچ کوغزہ پر فلسطینی نسل کشی کی جنگ دوبارہ شروع کی جس میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکےہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء کو شروع ہونے والی جارحیت کے نتیجے میں 164,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین تھیں، اور 14,000 سے زیادہ لاپتہ ہوئے۔