صنعاء – مرکزاطلاعات فلسطین
ہفتہ کی صبح امریکی فوج نے یمنی شہروں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملوں کا ایک نیا دور شروع کیا، جس میں کم از کم ایک شخص شہید ہوگیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ حملے جمعہ کو فضائی حملوں کی ایک طوفانی رات کے بعد ہوئےجو کہ 15 مارچ کو شروع ہونے والی مہم میں دوسرے دنوں کے مقابلے میں زیادہ شدید دکھائی دیے۔
یمن پر امریکی جارحیت میں صنعاء، صعدہ، الحدیدہ، الجوف، معارب اور عمران گورنریوں پر 65 فضائی حملے کیے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر امریکی جنگی طیاروں نے دارالحکومت صنعاء پر 11 حملے کیے، جن میں سنعان ڈاریکٹوریٹ میں السواد کے علاقے پر آٹھ، صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو اور ایک میں التحریر ڈسٹرکٹ میں کمانڈ ایریا کو نشانہ بنایا۔
شمالی یمن میں صعدہ گورنری پر امریکی حملوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی، جن میں شہر کے مضافات میں 8 حملے، ضلع سحار میں 2 حملے، ضلع کتاف کے علاقے العصید پر 5 حملے اور ضلع السلام پر 2 حملے شامل ہیں۔
امریکی فضائیہ نے الجوف گورنری کو نشانہ بناتے ہوئے 11 فضائی حملے کیے، جن میں الحزم میں سرکاری کمپلیکس کے آس پاس کے علاقوں پر 8 حملے، الحمیدات پر 3 حملے اور صنعاء کے شمال میں واقع عمران گورنری میں 19 حملے، البابدہ، الحبع، الاحفاء، الاحضاء کے علاقوں کو نشانہ بنایاگیا۔
امریکی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یمنی مزاحمتی تنظیم انصار اللہ سے وابستہ المسیرہ ٹی وی نے شمالی شہر صعدہ کے مضافات میں امریکی فضائی حملے میں ایک شخص کی شہادت اور چار دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ شمالی یمن کے علاقے عمران میں حرف سفیان میں جبل الاسود میں مواصلاتی نیٹ ورک کو بھی پانچ امریکی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
دریں اثنا حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی نے جمعے کی شام کہا تھا کہ گروپ کی کارروائیاں بحیرہ احمر میں اسرائیلی نیویگیشن کو مکمل طور پر روکنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
انادولو ایجنسی کے مطابق حوثی نے "عالمی یوم القدس” کے موقع پر ایک ویڈیو خطاب میں انہوں نے مزید کہاکہ "ہمارے لوگ فلسطین کی حمایت میں اپنے جہادی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے اور تمام دباؤ کے سامنے نہیں جھکے ہیں”۔
انہوں نے مزید کہاکہ "غزہ کی حمایت کرنے والی ہماری فورسز کی کارروائیاں بحیرہ احمر میں اسرائیلی نیویگیشن کو روکنے میں مکمل طور پر کامیاب رہی ہیں” انہوں نے "مقبوضہ فلسطین کے اندر فوجی آپریشن جاری رکھنے کا عہد کیا”۔