غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر قابض اسرائیلی فضائی حملوں میں بدھ کی سہ پہر سات شہری شہید اور اقوام متحدہ کا ایک ملازم مارا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے غزہ شہر کے جنوب میں الزیتون کے علاقے میں صلاح الدین اسٹریٹ پر ابو دف خاندان کے گھر پر بمباری کی۔
سول ڈیفنس نے کہا کہ اس کے عملے نے چار لاشیں اور متعدد زخمیوں کو نکال لیا ہے، جب کہ ملبے تلے دبے متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیا قصبے میں الشماء کے علاقے میں الکلان خاندان کے گھر کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں تین شہری شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب ’یو این او پی ایس‘ کا ایک ملازم اسرائیلی ڈرون حملے میں مارا گیا جس نے دفتر کو براہ راست نشانہ بنایا۔
غزہ میں وزارت صحت نے ایک مختصر بیان میں اعلان کیا کہ قابض فوج نے وسطی غزہ کی پٹی میں ان کے ہیڈ کوارٹر پر بمباری کی جس سےاقوام متحدہ کے اداروں کے عملے میں سے ایک غیر ملکی کارکن ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کا دفتر برائے پروجیکٹ سروسز (UNOPS) اقوام متحدہ کا خصوصی بازو ہے جو ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں پرکام کرتا ہے۔
طبی ذرائع نے اس سے قبل غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 16 شہریوں کی شہاد کا اعلان کیا تھا۔
قابض اسرائیلی فوج نے منگل کے روز صبح سویرے غزہ پر تباہ کن جارحیت دوبارہ شروع کی، جس میں ایک بڑی فوجی کارروائی نے پٹی کے بیشتر علاقوں کونشانہ بنایا گیا۔ اس جارحیت کے نتیجے میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اب تک 420 فلسطینی شہید اور 560 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔