پنج شنبه 01/می/2025

امریکہ فلسطینی عوام کے قتل عام کا ذمہ دار،حماس کا قیادت کی شہادت پر سوگ کا اعلان

منگل 18-مارچ-2025

غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت اور اجتماعی قتل عام کے نتیجےمیں جماعت کی قیادت، کارکنوں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شہادت پر سوگ کا اعلان کیا ہے۔

حماس نے غزہ پر صہیونی فاشسٹ ریاست کی جارحیت میں امریکی ریاست کے کردار کی شدید مذمت کی ہے۔حماس نے واضح کیا ہے کہ صہیونی ریاست امریکی اور مغربی مدد سے نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرسکتی ہے مگر وہ اپنے قیدیوں کو فوجی کارروائی کے ذریعے زندہ واپس نہیں کرسکتی۔

خیال رہے کہ منگل کی صبح قابض صہیونی فوج کی وحشیانہ جارحیت کے دوران غز ہ میں حکومت کی نگران کمیٹی کے سربراہ عصام الدعلیس، حماس کے سیاسی بیورو کے رکن یاسر حرب، وزارت انصاف کے انڈر سیکرٹری، احمد الحطا، وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری میجر جنرل محمود ابو وطفہ اور انٹرنل سیکورٹی سروس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بہجت ابو سلطان شہید ہوگئے تھے۔

حماس نے کہاکہ "ہم اپنےعوام، سرزمین اور اپنے مقدس مقامات کے دفاع کے لیے ثابت قدمی اور شہادت کی تمنا کے ساتھ دشمن کی جارحیت میں شہید ہونے والے رہنماؤں کی شہادت پر سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "غزہ کی پٹی میں ہمارے عظیم فلسطینی عوام کے قائدین یہ عظیم گروپ غزہ کی پٹی کے لوگوں اور خاندانوں کے ساتھ ثابت قدمی، استقامت اور یکجہتی کی کھائیوں میں پندرہ ماہ سے زائد عرصے سے دشمن کے ساتھ نبرد آزما تھا جس نے اپنے لوگوں کی خدمت، ان کی سلامتی اور سماجی استحکام کو مضبوط بنانے میں انتھک محنت کی شاندار تصویریں تخلیق کیں۔”

حماس نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جرائم فلسطینی عوام کی خواہش یا ان کی قیادت اور مزاحمت کے ساتھ ان کی مضبوط یکجہتی کو نہیں توڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ جارحیت ہماری قوم کے عزم اور ثابت قدمی کو مزید مضبوط کرے گی۔

خیال رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح غزہ کی پٹی پر اپنی جارحیت کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جس کے نتیجے میں اب تک 420 افراد شہید اور 530 زخمی ہو چکے ہیں۔

حماس نے ایک سابقہ ​​بیان میں کہا کہ تھا امریکی انتظامیہ کا یہ اعتراف کہ اسے صہیونی جارحیت کے بارے میں پیشگی مطلع کر دیا گیا تھا فلسطینیوں کی نسل کشی میں امریکی شراکت داری کا ثبو ت ہے۔

حماس نے کہا کہ واشنگٹن قابض صہیونی ریاست کی لامحدود سیاسی اور فوجی مدد کے ساتھ غزہ میں خواتین اور بچوں کے قتل عام کے جرم میں برابر کا شریک ہے۔

مختصر لنک:

کاپی