غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
ہفتے کی شام غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع قصبے بیت لاہیہ میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ یہ واقعہ جنگ بندی معاہدے کی نئی خلاف ورزی ہے۔
طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ "بچہ یامین الحمالوی سر میں گولی لگنے کے بعد شہید ہوا، جب کہ بیت لاہیہ میں ایک خاتون پشت پر گولی لگنے سے زخمی ہوئی”۔
غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح میں اسرائیلی قابض فوج نے ایک شہری کو اس وقت گولی مار دی جب وہ شہر کے شمال میں واقع خربہ العداس میں حمزہ مسجد کے قریب تھا۔
ایک اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے ایک مسجد میں نماز مغرب اور افطار کے دوران نمازیوں پر فائرنگ بھی کی۔
رفح کے علاقے الشکوش میں ایک خیمے پر اسرائیلی ڈرون سے گرایا گیا بم پھٹنے سے آٹھ فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔
اس سے قبل غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع قصبے بیت لاہیہ میں قابض فوج کی جانب سے شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین صحافیوں سمیت نو شہری شہید ہوگئے جس کے بعد رواں سال انیس جنوری سے نافذ ہونے والی جنگ بندی کے دوران اس کی خلاف ورزیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 150 ہو گئی ہے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی ڈرون نے بیت لاہیا میں ایک گاڑی اور شہریوں کے ایک گروپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 3 فوٹو جرنلسٹ سمیت 9 شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے جنہیں انڈونیشیا کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔