مقبوضہ بیت المقدس۔ مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی پولیس کی طرف سے مسلط کی گئی سخت ترن پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینیوں نے رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کی نماز مسجد اقصیٰ، اس کے صحنوں اور چوکیوں پر ادا کی۔
بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے محکمے کا اندازہ ہے کہ تقریباً 80,000 نمازیوں نے مسجد اقصیٰ میں رمضان کے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کی۔
مغربی کنارے کے متعدد علاقوں سے ہزاروں فلسطینی رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لیے بیت المقدس اور قلندیہ چوکیوں سے ہوتے ہوئے مسجد اقصیٰ پہنچے۔
تصاویر اور ویڈیوز میں ہزاروں فلسطینیوں کو مغربی کنارے اور بیت المقدس کے قصبوں سے آتے دکھایا گیا ہے۔ رمضان کے دوسرے جمعہ کی نماز کے لیے فلسطینی مسلمان قابض اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی مکروہ پابندیوں کو توڑتے ہوئے مسجد اقصیٰ تک پہنچے۔ کئی مقامات پر فلسطینیوں کو کئی فوجی چوکیوں سے گذرنا پڑا۔
اسرائیلی پولیس نےبیت المقدس میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کیا اور حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا، جس میں چوکیاں اور آہنی رکاوٹیں کھڑی کرنا، داخل ہونے والوں کی شناخت کی جانچ کرنا اور انہیں حیلے بہانوں سے واپس کرنا شامل ہے۔
قابض فوج نے قلندیہ چوکی پر بھاری نفری تعینات کردی تھی جہاں اس نے فلسطینیوں کی شناخت کا عمل شروع کیا۔ اس دوران 55 سال سے کم عمر کے مردوں اور 50 سال سے کم عمر کی خواتین کو بیت المقدس میں داخل ہونے کے لیے "خصوصی اجازت نامے” جاری کرنے سے روک دیا۔