رام اللہ – مرکز اطلاعات فلسطین
جمعرات کے روز قابض اسرائیلی فوج کی حفاظت میں آباد کار گروپوں نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک کو نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ آباد کاروں کے ایک گروپ نے سدرن الیکٹرسٹی کمپنی کے دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں پر حملہ کیا، جب کہ قابض اسرائیلی فوج نے کمپنی سے تعلق رکھنے والی ایک کرین اور آلات کو قبضے میں لے لیا۔
میڈیا ایکٹیوسٹ اسامہ مخامرہ نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج کی حفاظت میں آباد کاروں نے سدرن الیکٹرسٹی کمپنی کی یعتہ برانچ پر حملہ کیا جب وہ یعتہ شہر کے جنوب مشرق میں واقع وادی الرخیم کمیونٹی میں بجلی کے نیٹ ورک کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ آبادگاروں نے چند روز قبل کمیونٹی کو سپلائی کرنے والے بجلی کے نیٹ ورک پر حملہ کیا تھا اور بجلی کے متعدد کھمبے کاٹ دیے تھے۔
دریں اثنا نابلس کے شمال مغرب میں ناقورہ گاؤں کے قریب شاوی شمرون بستی کے آباد کاروں نے شہریوں کی گاڑیوں پر حملہ کیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ آباد کاروں کے ایک گروپ نے ناقورہ گاؤں کے داخلی دروازے کے قریب اور جنین اور نابلس کے درمیان سڑک پر فلسطینیوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔
طولکرم میں آباد کاروں کے ایک گروپ نے قابض اسرائیلی فوج کی سخت سکیورٹی میں شہر کے جنوب میں واقع مضافاتی علاقےمیں واقع ایک مزار پر دھاوا بول دیا۔