غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تسلسل میں غزہ کے مشرق میں واقع شجاعیہ محلے میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے آج اتوار کو ایک شہری شہید اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔
ایک مقامی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ محلے میں اپنے گھروں کا معائنہ کرنے والے شہریوں پر قابض فوج نے گولی چلائی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس کے مشرق میں قابض فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوئی۔
گذشتہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شجاعیہ محلے میں قابض فوج کے حملوں کے نتیجے میں پانچ شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے۔ علاء عماد اسلم اور محمد سبی اسلم جمعہ کے روز اس وقت شہید ہوگئے جب ایک اسرائیلی ڈرون نے الشجاعیہ محلے کے مشرق میں المنصورہ اسٹریٹ پر انہیں میزائل سے نشانہ بنایا۔
انیس جنوری کو جنگ بندی کے بعد سے غزہ کی پٹی میں شہریوں پر قابض فوج کے حملوں میں 120 سے زائد شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔