غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے عرب ممالک اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف قابض اسرائیل کے ذریعے بھوک اور محاصرے کے وحشیانہ جرم کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کریں اور فاشسٹ جنگی مجرموں کو ان کے انسانیت کے خلاف جاری جرائم کے لیے کہٹرے میں لائیں۔
حماس نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہاکہ دہشت گرد نیتن یاہو جو بین الاقوامی فوجداری عدالت کو مطلوب ہے کی حکومت غزہ کی پٹی میں پیدا ہونے والی انسانی تباہی کو مزید گہرا کر رہی ہے، جنگی جرم کا ارتکاب کر کے بیس لاکھ سے زیادہ فلسطینی شہریوں پر اجتماعی سزا مسلط کر کے انہیں مسلسل سات روز سے بھوکا اور پیاسا رکھا گیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس جرم کے اثرات غزہ کی پٹی میں ہمارے لوگوں کے علاوہ مزاحمتی قیدیوں کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔ جو انہی پابندیوں اور خوراک، ادویات اور دیکھ بھال سے محروم ہیں۔
حماس نے جنگی مجرم نیتن یاہو کو محاصرے اور بندش کے وحشیانہ جرم کے نتائج اور غزہ کی پٹی میں اپنے قیدیوں کےحوالے سےبے حسی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔