قاہرہ – مرکزاطلاعات فلسطین
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کو ختم کرنے کے لیے ایک سیاسی ڈھانچہ تشکیل دینے پر زور دیا جو کہ پٹی میں بحالی کی بنیاد بن سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر آزادانہ طور پر حکومت کرنے اور رہنے کا حق حاصل ہے۔
قاہرہ میں منعقدہ عرب سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران گوتیریس نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں فلسطینیوں نے ناقابل تصور نقصان اٹھایا ہے۔عرب سربراہی اجلاس انسانی مصائب کے خاتمے کے لیے ایک ضروری فورم ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ غزہ کی پٹی میں تباہی کی جنگ بے مثال قتل و غارت گری کا باعث بنی اور زبردست صدمہ پہنچا۔
سیکرٹری جنرل نے نسل کشی کی واپسی کو روکنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر غزہ میں جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو مزید مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بغیر کسی تاخیر کے جنگ بندی پر مذاکرات کی تکمیل پر زور دیا۔
انہوں نے ان رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا جو غزہ کی پٹی میں شہریوں تک انسانی امداد کی فراہمی اور رسائی میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کو شرائط عاید کرکے اسے ناکام بنانے کا کوئی جواز نہیں۔
انتونیو گوتیریس نے مزید کہا کہ غزہ کو اس کے رقبے کو کم کیے بغیر اور اس کی آبادی کو جبری منتقلی کا نشانہ بنائے بغیر فلسطینی ریاست کا حصہ ہونا چاہیے اور اسے مغربی کنارے اور القدس کے ساتھ ملا کر فلسطینی عوام کی طرف سے قبول کردہ فلسطینی ریاست کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔