چهارشنبه 30/آوریل/2025

قابض اسرائیلی فوج نے نور شمس کیمپ میں مکانات مسمار اور سڑکیں بلڈوز کر دیں

اتوار 2-مارچ-2025

طولکرم – مرکزاطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی فوج نے شمالی مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے مشرق میں نور شمس کیمپ میں متعدد مکانات اور رہائشی عمارتوں کو مسمار کر دیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے اپنے بھاری بلڈوزر (D10) کی مدد سے کیمپ میں ابوبکر الصدیق مسجد کے قرب و جوار س رہائشی عمارتوں، مکانات کو مسمار کرنے اور ان کے گردونواح کو تباہ کرنے کا عمل شروع کیا۔ اس دوران اسرائیلی ڈرونز کی نچلی پروازیں بھی جاری رہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ مسماری اس وقت کی گئی جب پانچ روز قبل قابض فوج کی طرف سے اطلاع دی گئی تھی کہ کیمپ چوک سے المنشیہ محلے کی طرف جانے والی سڑک کو ہموار کرنے کے لیے 11 مکانات کو مسمار کیا جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نور شمس کیمپ میں گرائے گئے گھروں کی کل تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ گھر یوسف، جبالی، مرئی، ابو شلبیہ، ایرانی، شہاب، یونس اور غنیم کے خاندانوں کے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے دوسرے روز قابض فوج نے نشانہ بنائے گئے گھروں کے مالکان کو کیمپ میں داخل ہونے اور گھروں سے اپنا سامان نکالنے کے لیے تین گھنٹے کا وقت دیا۔

جمعہ کی شام قابض اسرائیلی فوج نے طولکرم کے مشرق میں نور شمس کیمپ میں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کردیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے کیمپ کے مکینوں کے خلاف جبری نقل مکانی کی کارروائیاں جاری رکھیں، خاص طور پر جبل النصر محلے کے درجنوں افراد کو فوری طور پر اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔

طولکرم میں میڈیا کمیٹی کے مطابق طولکرم پر قابض فوج کی جارحیت کے نتیجے میں 13 افراد شہید، درجنوں زخمی اور گرفتار ہوئے اور گھروں اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ کمیٹی نے اشارہ دیا کہ 11,000 بے گھر افراد کو طولکرم کیمپ اور 5,000 نور شمس کیمپ سے اپنے گھر خالی کرنے پر مجبور ہوئے۔

قابض اسرائیلی فوج نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں کیمپوں پر اپنی جارحیت جاری رکھی ہے۔ مکانات پر قبضے، مکینوں کی نقل مکانی اور ان کی واپسی کو روکنے کے دوران یہ مہم اپنے 40ویں دن میں جاری ہے جب کہ طولکرم کیمپ میں 34 دن اور نور شمس کیمپ میں 21 روز سے تباہی اور جلاؤگھیراؤ کی مکروہ صہیونی مہم جاری ہے۔

مختصر لنک:

کاپی