مقبوضہ فلسطین – مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے فلسطینی عوام سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لانے کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ کے لیے اپنا رخت سفر باندھ لیں۔ رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کریں اور قبلہ اول میں اپنا زیادہ سے زیادہ وقت گذاریں تاکہ صہیونی شرپسندوں کے ٹولے کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
آج صبح رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں حماس نے فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میں غزہ کی پٹی، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے عوام کے ساتھ یکجہتی کی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں۔
حماس نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد پر فلسطینی عوام اور پوری مسلم امہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ہم اس ماہ مقدس کے دنوں اور راتوں کو مزید استقامت، اتحاد ،یکجہتی کے لیے میدان بنانے اور غزہ اور فلسطین کے لیے قوم کی نصرت سے بھرپور مہینہ بنانے پر پر زور دیتے ہیں۔
حماس نے ماہ صیام کی آمد پر مزاحمت کے بہادر ہیروز، رہا ہونے والے قیدیوں قوم کی معزز ومحترم بہنوں اور بیٹیوں کو بھی مبارک باد پیش کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری قوم کے قائدین اور کارکنوں نے طوفان الاحرار معاہدے تک پہنچنے کے لیے ان تھک قربانیاں دیں۔ زخمیوں نے تکالیف جھیلیں اور ہزاروں نہتے اور معصوم شہریوں نے اپنا خون پیش کیا۔ ہم تمام فلسطینی عوام، عرب اقوام اور پورے عالم اسلام کو ماہ صیام کی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔