مقبوضہ بیت المقدس ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
اسرائیل کے وزیر توانائی ایلی کوہن نے اعلان کیا کہ قابض اسرائیلی حکام نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ساتھ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے چار بنیادی شرائط رکھی ہیں۔
کوہن نے کہا کہ ان شرائط میں تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی، حماس کا غزہ کی پٹی کے انتظامات سے دستبردار ہونا، غزہ کو غیر مسلح کرنا اور پٹی پر اسرائیلی سکیورٹی کنٹرول قائم کرنا شامل ہے۔
اسرائیلی پبلک ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے سکیورٹی کابینہ کے ایک رکن نے اس بات پر زور دیا کہ قابض حکام فلسطینی قیدیوں کو اس وقت تک رہا نہیں کریں گے جب تک کہ حماس کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات کو روک کر دیگر ہلاک شدگان کی واپسی کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قیدیوں گائے دلال اور ایویٹر ڈیوڈ کو جنہیں گذشتہ ہفتے اپنے ساتھیوں کی رہائی دیکھنے پر مجبور کیا گیا تھا کو رہا کیا جانا چاہیے۔
گذشتہ ہفتے کی شام قابض حکام نے تبادلے کے معاہدے کے پہلے مرحلے سے قیدیوں کی ساتویں کھیپ کی رہائی کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ قابض وزیر اعظم کے دفتر نے گذشتہ ہفتے کی شام ایک سکیورٹی میٹنگ کے اگلے دن کہا کہ حماس کو "ذلت آمیز فرمان” کے تحت قیدیوں کے حوالے کرنا بند کرنا چاہیے۔
چینل 12 نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو ملتوی کرنے کے نیتن یاہو کے فیصلے پر اعتراض کیا ہے۔
چینل نے اطلاع دی ہے کہ نیتن یاہو نے دو مراحل میں جائزہ اجلاس بلایا۔ ایک میں تمام فوجی لیڈروں نےحصہ لیا۔ان میں غالب رائے یہ تھی کہ فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔ اسرائیلی سکیورٹی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی رہائی کو ملتوی کرنے سے "معاہدے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔”
ان سے مشاورت کے بعد نیتن یاہو صرف اپنے وزراء سے ملاقاتیں کرتے رہے جہاں حماس پر دباؤ بڑھانے اور قیدیوں کی رہائی کے عمل کو تیز کرنے کی کوشش میں قیدیوں کی رہائی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
قابض نے 620 فلسطینی قیدیوں کو ہفتے کی صبح حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی طرف سے رہا کیے جانے والے 6 اسرائیلی قیدیوں کی آمد کے فوراً بعد رہا کرنا تھا مگر انہیں دوبارہ حراست میں لیا گیا۔
جنگ بندی کے معاہدے میں پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کی شرط رکھی گئی ہے، جن میں 8 لاشیں بھی شامل ہیں۔ اس کے بدلے میں قابض ریاست کی جیلوں سے 1,900 فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوگی۔