اسلام آباد ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کی پائیدار منصفانہ امن صرف مسئلہ فلسطین کے حل سے ممکن ہے۔
دبئی میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غزہ المناک جنگ کے اثرات سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔آزاد فلسطین کا دارالحکومت القدس شریف ہے۔ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کی گئی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 50 ہزار فلسطینی شہید ہوئے۔ جدید تاریخ کا یہ خوفناک او ر بھیانک قتل عام ہے، اس قتل عام کے بعد مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، پائیدار منصفانہ امن صرف دو ریاستی مسئلے کے حل سے ممکن ہے۔1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور غزہ کی تعمیر نو کا عمل جلد شروع کرنے پر زور دیا۔