اسلام آباد ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطین کے جنگ سے تباہ حال علاقے غزہ پر قبضے اور وہاں سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کردیا ہے۔ پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ فلسطینی سرزمین اور غزہ صرف فلسطینیوں کا ہے۔ یہ کسی دوسرے ملک کی جاگیر نہیں۔ پاکستان فلسطینی قوم ک حق خودارادیت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد اور فلسطین کی آزادی کے لیے ہر فورم پر کوششیں جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ فلسطینیوں کو کہیں اور بھیجنا انتہائی تشویشناک ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے،پاکستان ایسی آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو، پاکستان غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے،غزہ میں امدادی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قابض اسرائیل کی جانب سے سیز فائر معاہدے خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے، امدادی کاموں کو روکنا معاہدے کی خلاف ورزی ہے ،عالمی برادری اسرائیلی مظالم پر خاموشی توڑے اور سیز فائز معاہدے پر عمل کرائے۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیر پر پاکستانی حکومت کا مؤقف کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔
عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل بارے ترجمان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل کی درخواست امریکہ نے بند کردی ، مستقبل میں وہ دوبارہ درخواست کرسکتی ہیں۔