جنین – مرکز اطلاعات فلسطین
اتوار کو قابض اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ کے مختلف محلوں میں تباہی اور بربادی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے21 مکانات کو دھماکوں سے اڑا دیا جن میں تقریباً 80 رہائشی اپارٹمنٹس شامل تھے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ کیمپ میں سلسلہ وار دھماکوں کی آوازیں واضح طور پر دور دور تک سنی گئیں جبکہ کیمپ کے اوپر دھوئیں اور گرد وغبار کے گہرے بادل چھا گئے۔
ذرائع نے کہا کہ کیمپ اس وقت رہائشیوں سے خالی ہے کیونکہ 13 دنوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے ہی کیمپ کے مکینوں کو وہاں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ تاحال ان دھماکوں کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کویی اطلاع نہیں ملی۔
ذرائع نے واضح کیا کہ قابض فوج نے آج صبح جنین کیمپ کے مختلف محلوں میں متعدد عمارتوں میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنا شروع کیا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ قابض فوج نے فلسطینی رابطہ کے ذریعے ان عمارتوں کو اڑانے کے ارادے سے خبردار کیا، جنین شہر اور کیمپ کے اطراف کے شہریوں سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔
قابض اسرائیلی فوج نے مسلسل تیرہویں روز بھی جنین شہر اور کیمپ پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جارحیت کے آغاز سے اب تک شہر، کیمپ اور متعدد دیہاتوں سے 26 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
قابض افواج نے جنین کیمپ میں موجود بیشتر خاندانوں کو وہاں سے نکلنے پر مجبور کیا، جب کہ قابض فوج نے انفراسٹرکچر کو تباہ کیا اور درجنوں مکانات کو مسمار، جلا دیا یا دھماکوں سے اڑا دیا۔