جنین – مرکزاطلاعات فلسطین
غرب اردن کے شمالی شہر جنین اور قباطیہ قصبے پر قابض فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں پانچ فلسطینی نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ہفتے کی شام کو جنین گورنری میں قابض اسرائیلی فوج کے طیاروں کی جانب سے کیے گئے متعدد فضائی حملوں کے دوران پانچ شہری شہید ہوئے۔ خیال رہے کہ جنین مسلسل 12ویں روز بھی بڑے پیمانے پر اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنا ہوا ہے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ جنین کے مشرقی محلے کو نشانہ بنانے والے فضائی حملے کے نتیجے میں دو شہری شہید ہوئے۔ قباطیہ قصبے میں ایک گاڑی پر قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں دو دیگر شہری شہید ہوئے۔
ایک اسرائیلی ڈرون نے قباطیہ قصبے کے وسط میں ایک اہم سڑک پر ایک گاڑی پر بمباری کی، جس میں صالح زکارنہ اور عبدالعصام علونہ شہید ہوگئے۔ علونہ کو 2023 کے جنگ بندی معاہدے کے دوران اسرائیلی زندانوں سے رہاکیا گیا تھا۔
ایک اور اسرائیلی ڈرون نے جنین کے مشرقی محلے میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا، جس میں القسام کے مزاحمت کار نور شاکر السعدی اور تمام السعدی مارے گئے۔
قبل ازیں قابض طیاروں نے جنین کے مشرقی محلے میں السعدی کے دفتر کے قریب نوجوانوں کے ایک گروپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں سولہ سالہ لڑکا احمد عبد الحلیم السعدی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
چار شہریوں کی شہادت کے ساتھ ہی جنین گورنری میں 12 روز قبل سے جاری دہشت گردی میں قابض فوج کی جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 24 ہو گئی ہے جب کہ درجنوں زخمی بھی ہوئے ہیں۔