جنین ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے غرب اردن کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنین شہر اور اس کے مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فوج کی طرف سے کی گئی ننگی جارحیت کا مقابلہ کرنےکے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور دشمن فوج پر ہر جگہ حملے کریں۔
حماس نے مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین اور اس کے کیمپ میں قابض اسرائیلی فوج کی نئی جارحیت کے ردعمل میں فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی فوج کا مردانہ وار مقابلہ کریں اور دشمن کی جارحیت کا جواب دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "مغربی کنارے کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کے ساتھ رابطے کے تمام مقامات پر تصادم کو متحرک کریں اور اس میں تیزی لائیں۔ اسے الجھانے اور جنین شہر اور اس کے کیمپ پر اس کی وسیع "جارحیت” کو ناکام بنانے کے لیے کام کریں۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج منگل کو قابض اسرائیلی فوج نے جنین شہر اور اس کے پناہ گزین کیمپ میں ایک بڑا فوجی آپریشن شسروع کیا ہے۔ اس آپریشن میں چھ فلسطینی شہید او ر درجنوں زخمی بتائے جاتے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ جنین پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور 35 زخمی ہوئے ہیں۔ جنین کے سرکاری ہسپتال کے ڈائریکٹر وسام بکر نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے جو العمل سپتال کے قریب زخمی ہوا ہے۔
بکر نے وضاحت کی کہ بہت سے دوسرے زخمیوں کو شہر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، لیکن انہوں نے ابھی تک تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔
حماس نے اس جارحیت کے جواب میں شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور تمام شہروں اور دیہاتوں میں اسرائیلی فوج پر حملے کریں ۔