پنج شنبه 06/فوریه/2025

مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک بچہ شہید، 5 زخمی

پیر 20-جنوری-2025

نابلس – مرکزاطلاعات فلسطین

غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی بچہ شہید اور 5 شہری زخمی کردیے۔ اتوار کی شام مقبوضہ مغربی کنارے کے کئی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کی گولیوں اور حملوں سے ان میں دو بچے اور ایک بزرگ بھی زخمی ہوگئے۔

نابلس کے النجاح نیشنل ہسپتال اور فلسطینی وزارت صحت کے طبی ذرائع نے بتایا کہ سبسطیہ قصبے سے تعلق رکھنے والا بچہ احمد رشید رشدی جس کی عمر 14
سال تھی قابض فوج کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔ صہیونی فوجیوں نے انہیں سینے میں گولی ماری تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق آبادکار گروہوں نے قابض فوج کی حفاظت میں شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے شمال مغرب میں واقع قصبے سبسطیہ پر چھاپہ مارا۔

اس موقعے پر جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ قابض فوج اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جنوبی مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں جھڑپیں ہوئیں۔

وسطی مغربی کنارے میں رام اللہ شہر کے مغرب میں دیر عمار اور خربہ بنی حارث کے قصبوں کو ملانے والے "عین ایوب” گول چکر پر قابض پولیس کے دھاوے کے دوران آباد کاروں نے شہریوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔

آبادکار گروہوں نے سنجیل قصبے میں حملوں کے دوران فلسطینیوں کے ایک مکان اور گاڑی کو نذر آتش کر دیا اور رام اللہ کے شمال میں واقع قصبے ترمس عیا سے متصل رام اللہ نابلس سڑک پر متعدد گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔

مختصر لنک:

کاپی