رفح – مرکزاطلاعات فلسطین
غزہ کی رفح میونسپلٹی نے قابض اسرائیلی فوج کے انخلا کے فوراً بعد شہر میں مرکزی اور اطراف کی سڑکوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے بتدریج منصوبے پر عمل درآمد کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ہفتے کو ایک بیان میں وضاحت کی کہ اس منصوبے میں جارحیت کے نتیجے میں پیچھے رہ جانے والے ملبے اور فضلہ کو ہٹانا اور سڑکوں کی بحالی شامل ہے تاکہ معمول کی زندگی کی بحالی اور محفوظ ٹریفک کو یقینی بنایا جا سکے۔
میونسپلٹی نے رفح کے لوگوں کی استقامت اور قربانیوں کی تعریف کی جو آٹھ ماہ تک اپنے گھر بار اور جائیدادیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ اس دوران انہوں نے ہر قسم کی تکالیف اور ناانصافیوں کو برداشت کیا۔
انہوں نے کہا کہ "یہ ایک مشکل دور تھا جس کے دوران رفح کے لوگوں نے جبری نقل مکانی کے مصائب کو برداشت کیا، لیکن ان کی ثابت قدمی اور صبر ہم سب کے لیے باعثِ ترغیب اور فخر ہے”۔
اس نے شہریوں سے صبر کا مظاہرہ کرنے اور خطرناک علاقوں میں واپسی کے لیے جلدی نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہنگامی عملے اور خصوصی ٹیموں کے لیے بارودی سرنگوں اور دیگر خطرات کو ہٹانے کے لیے جگہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی کہ زندگی جلد از جلد معمول پر آجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میونسپلٹی کا عملہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر بنیادی خدمات فراہم کرنے اور معمولات زندگی کو بحال کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔وہ اس مرحلے کو کامیاب بنانے کے لیے شہریوں کی بیداری اور یکجہتی پر بھروسہ کر رہے ہیں۔