استنبول – مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے پولیٹیکل بیورو کے عہدیداروں نے ترک وزیر انٹیلی جنس ابراہیم قالن کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
حماس نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ تحریک کی قیادت نے کل شام "ترک انٹیلی جنس کے وزیر ابراہیم قالن کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کی پیشرفت پر بات چیت کی، جو قطری دارالحکومت دوحہ میں ہو رہے ہیں۔”
بیان کے مطابق حماس کے رہ نماؤں اور ترک حکام کے درمیان یہ بات چیت فون پر کی گئی۔
حماس نے مزید کہا کہ "تحریک کی شوریٰ کونسل کے سربراہ قیادت کونسل کے سربراہ محمد درویش اور غزہ میں تحریک کے سربراہ خلیل الحیہ نے قطر اور مصر کی ثالثی میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دونوں رہ نماؤں نے "غزہ پر جنگ روکنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کی خواہش پر بھی زور دیا۔”
اس سے قبل کل سوموار کو خبر رساں ادارے ’ رائیٹرز‘ نے حماس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ مذاکرات میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے اہم مسائل پر پیش رفت ہوئی ہے۔ ذریعے نے اس بات پر زور دیا کہ وہ باقی ماندہ نکات کو جلد مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سمیت اہم امور پر پیش رفت کے مضبوط اشارے کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے لیے قطری دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات جاری ہیں۔