مقبوضہ بیت المقدس ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے لبنان کے ساتھ طے پائی جنگ بندی کو ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ کاٹز کا کہنا ہے کہ لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ ماہ نومبر کے اواخر میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی شرائط پوری نہیں کر رہی ہے۔ اگر حزب اللہ نے شرائط پوری نہ کیں تو اسرائیل سخت کارروائی کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا دھمکی آمیز بیان اتوار کے روز سامنے آیا ہے۔ کاٹز نے کہا اگر حزب اللہ نے معاہدے کی شرائط پوری نہ کیں تو پھر کوئی معاہدہ باقی نہیں بچے گا۔ حزب اللہ کو دریائے لیطانی کی دوسری طرف منتقل ہونا تھا مگر وہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل کی سرحد کےقریب سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ حزب اللہ نے ابھی تک خود کو لیطانی دریا کے کے پار سے پیچھے نہیں کیا ہے۔
واضح رہے صہیونی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس معاہدے کی رو سے حزب اللہ نے خود کو لیطانی دریا سے پیچھے لے جانا ہے اور قابض اسرائیل کی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقوں سے انخلا کرنے اپنی سرحدی حدود کے اندر واپس لے جانا ہے۔ ابھی اسرائیلی فوج بھی انخلا نہیں کر پائی ہے۔ جبکہ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی متعدد بار لبنان پر بمباری کی ہے۔
اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شکایت لبنانی وزیر اعظم نجیب میقاتی امریکہ اور فرانس سے بھی کر چکے ہیں کہ اسرائیل سے معاہدے کی پابندی کرائی جائے۔ ایک روز قبل امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ جنگ بندی پرعمل کرانے کے لیے جوبائیڈن انتظامیہ اپنی کوششیں کرتی رہے گی۔