لندن – مرکزاطلاعات فلسطین
خبر رساں ادارے رائیٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ ہفتے ایک یمنی میزائل کو روکنے میں اسرائیلی "ہیٹز” سسٹم کی ناکامی کے بعد جمعہ کو اسرائیلی فوج نے یمنی میزائل کو روکنے کے لیے امریکی THAAD میزائل سسٹم کا استعمال کیا۔
ایجنسی نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ صدر جو بائیڈن کی جانب سے اکتوبر میں "اسرائیل” میں یہ نظام نصب کرنے کے بعد پہلی بار "اسرائیل” میں جدید ترین امریکی نظام ’تھاڈ‘ کا استعمال کیا گیا تھا۔
اس ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کسی وقت یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کی کوشش کرنے کے لیے تھاڈ سسٹم کا استعمال کیا گیا تھا اور یہ تجزیہ اس کی کامیابی کی حد کا تعین کرے گا۔
ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ آیا امریکی یا اسرائیلی فوجیوں نے اس سسٹم کو چلایا اور میزائل کو روکا۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) نے ابھی تک رائیٹرز کی تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فضائیہ کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ بیلسٹک میزائل کو روکنے کی کئی ناکام کوششیں کی گئیں جو یمن سے داغا گیا تھا۔ یہ میزائل تل ابیب کے ایک اسٹیڈیم میں گرا تھا جس سے 30 افراد زخمی ہوئے تھے۔ میزائل سے زخمیوں کے علاوہ علاقے میں درجنوں اپارٹمنٹس کو بھی نقصان پہنچا۔