رام اللہ – مرکز اطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے تمام فلسطینی دھڑوں اور قوتوں، قانونی اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنین کیمپ اور پورے مقبوضہ مغربی کنارے میں مزاحمت کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کے حوالے سے فلسطینی اتھارٹی کی ماتحت سکیورٹی فورسز کے بارے میں فیصلہ کن موقف اختیار کریں۔
ہفتے کے روز ایک پریس بیان میں حماس نے جنین بریگیڈ کے رہنما یزید جعایصہ کی عباس ملیشیا کے حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عباس ملیشیا قابض صہیونی فوج کی دہشت گردانہ روش پرچل رہی ہے۔
حماس نے فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورس کی جانب سے مزاحمتی کارکنوں اور قابض فوج کو مطلوب افراد کے مسلسل تعاقب اور جنین میں اس کے بڑھتے تشدد کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اتھارٹی کی فورسز کا اس ذلت آمیز انداز کو جاری رکھنا ہماری تمام اقدار اور روایات سے متصادم ہے”۔ عباس ملیشیا کی کارروائیاں خطرے کی گھنٹی ہیں جو خانہ جنگی کے خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔