نابلس – مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی فوج کی حفاظت میں درجنوں انتہا پسند یہودی آباد کاروں نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے جنوب میں بورین قصبے کے مضافات میں مکانوں پر حملہ کیے۔ شہریوں کو ہراساں کیا اور گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ آباد کاروں کے ایک گروپ نے مشرقی علاقے بورین میں شہری ابراہیم عید کے گھر پر حملہ کیا اور ان پر پتھراؤ کیا۔ تاہم مکینوں نے ان یہودی شرپسندوں کا مقابلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آباد کاروں نے قابض فوج کی حفاظت میں گاؤں میں شہریوں کے گھروں پر پتھراؤ کیا۔
نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں یتما میں نوجوانوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں شہریوں پر حملے کیے گئے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب رام اللہ کے مشرق میں سلواد قصبے کے قریب برج کے علاقے میں آباد کاروں نے خیمے لگا لیے۔
ایک سال سے زائد عرصے سے آباد کار مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف فلسطینی شہروں میں شہریوں کے خلاف حملے کررہے ہیں۔ وال اینڈ سیٹلمنٹ ریزسٹنس کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق قابض فوج اور اس کے آباد کاروں نے نومبر کے مہینے میں 1,396 حملے کیے۔