غزہ – مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ حماس نے شمالی غزہ کی پٹی میں دہشت گرد قابض فوج کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کے لیے ایک بین الاقوامی انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ شمالی غزہ میں ایسے ممنوعہ جنگی ہتھیار استعمال کیے گئے ہیں جن سے لاشیں بخارات کی شکل میں ختم ہوجاتی ہیں۔
حماس نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں بے گناہ شہریوں کے خلاف بمباری اور قتل عام کے بعد شہریوں اور ڈاکٹروں کی طرف سے دی گئی خوفناک شہادتیں، اور ہتھیاروں اور گولہ بارود سے نشانہ بنانے کے واقعات سے پتا چلتا ہے کہ ایسے ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جس کے بعد لاشیں تیزی سے تحلیل ہوجاتی ہیں اور بخارات بن کر ختم ہوجاتی ہیں۔
دہشت گرد قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں تریپن دنوں سے جاری وحشیانہ نسل کشی کی مہم کے دوران بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔
حماس نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک خصوصی بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیں، شمالی غزہ کی پٹی میں داخل ہوں، اور فاشسٹ قابض فوج کی طرف سے استعمال کیے جانے والے گولہ بارود کی نوعیت کو پوری دنیا کے سامنے لائیں۔
حماس نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اور عرب ممالک اور عالم اسلام سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، ان جرائم اور خلاف ورزیوں اور قتل عام کو بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔